پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں حیدرآباد کنگزمین نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔
حیدرآباد کی جانب سے عثمان خان 61 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ مارنوس لیبوشین نے 39، صائم ایوب نے 38 اور کوشال پریرا نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔
اسلام آباد کی طرف سے عماد وسیم نے 2 جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 184 رنز بنا سکی اور اسے محض 2 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد کی جانب سے مارک چیپمین 43 اور ڈیون کونوے 30 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے 22 اور کرس گرین نے 21 رنز اسکور کیے۔
میچ کے آخری اوور میں حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
حیدرآباد کی جانب سے حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 جبکہ حسان خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس کامیابی کے بعد اب اتوار کو لاہور میں ہونے والے فائنل میں حیدرآباد کنگزمین کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔





