پشاور میں صوبائی حکومت نے بڑھتے ہوئے توانائی بحران اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے سرکاری گاڑیوں اور دیگر وسائل کے غیر ضروری استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مہم پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق بعض سرکاری افسران اور اہلکاروں کی جانب سے سرکاری گاڑیوں اور پروٹوکول کا غیر ضروری استعمال جاری ہے، جس پر متعلقہ محکموں سے رپورٹس طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ غیر ضروری پروٹوکول اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو محدود کیا جائے گا جبکہ وسائل کے غلط استعمال پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی حکومت نے توانائی بچت کے لیے مختلف اقدامات کیے تھے جن میں دفاتر میں محدود سرگرمیاں، گھر سے کام، اور بازاروں کے اوقات کار میں کمی شامل تھی۔
حکومتی حکام کے مطابق شکایات موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کفایت شعاری پالیسی پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت نگرانی اور کارروائی کی جائے گی۔





