جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی جانب سے خودکش حملے کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
پیر کے روز ہونے والے اس واقعے میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ دھماکے کی شدت کے باعث 14 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔
خوارجین نے بارود سے بھری ایک گاڑی کے ذریعے پاک فوج کی پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ تاہم پوسٹ پر تعینات ہائی الرٹ دستوں نے خطرے کو بھانپتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فاصلے پر نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز کی اس پیشہ ورانہ کارروائی کی وجہ سے نہ صرف آرمی پوسٹ محفوظ رہی بلکہ ایک بڑے جانی نقصان کا خطرہ بھی ٹل گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں قریبی موجود 14 شہری زخمی ہوئے، جن میں سے 7 زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایم ایس ڈاکٹر جان محمد کے مطابق ہسپتال میں زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مفرور دہشت گردوں یا ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور دشمن کے ایسے بزدلانہ عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔





