خیبر پختونخوا: حاضری کا نیا نظام لانے کا فیصلہ، ملازمین کیلئے اہم خبر

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں ملازمین کی حاضری کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے کے تمام ہسپتالوں میں فیشل ریکگنیشن (چہرے کی شناخت) پر مبنی حاضری کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد حاضری کے نظام میں شفافیت اور بہتری لانا ہے۔

اس سلسلے میں ضلعی ہیلتھ افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ملازمین کی رجسٹریشن اور فیشل ڈیٹا کی فوری تکمیل یقینی بنائیں اور تمام معلومات ضلعی سطح پر شیئر کریں۔

محکمہ صحت کے مطابق شعبے کے تمام ڈیپارٹمنٹس میں جدید فیشل اور بائیومیٹرک حاضری سسٹم نافذ کیا جائے گا، جبکہ اس پورے عمل کی نگرانی کے لیے ایک آزاد مانیٹرنگ یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایف آئی اے نے بھرتیوں کیلئے درخواست جمع کرانے کی مدت بڑھا دی

یہ مانیٹرنگ یونٹ نظام کے نفاذ اور عملدرآمد کی باقاعدہ نگرانی کرے گا اور پیش رفت کی رپورٹس محکمہ صحت کو فراہم کرے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس نئے نظام سے نہ صرف حاضری کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ صحت مراکز میں شفافیت بڑھے گی اور غیر حاضری کے رجحان میں کمی آئے گی، جس سے مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

مزید کہا گیا ہے کہ حاضری کے نئے نظام پر عملدرآمد میں تاخیر یا غفلت برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔

Scroll to Top