آٹے کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ، عوام پریشان

آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے جس نے عام صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں 20 کلو تھیلے کی قیمت 200 روپے تک بڑھ گئی۔ لاہور میں آٹے کا تھیلا 1810 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔

سرگودھا میں قیمت میں 190 روپے اور سکھر میں 160 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی 80 سے 90 روپے تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔

کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو ملک بھر میں سب سے زیادہ قیمتوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میں آٹے کی قیمت 2373 روپے اور پشاور میں 2350 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور بورڈ بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص زخمی

آٹے کی قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے عوام، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کو شدید متاثر کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک بنیادی ضرورت کی اس قدر تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتیں حکومتی پرائس کنٹرول نظام پر سوالیہ نشان ہیں۔

عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

Scroll to Top