انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید سے سینیٹر مولانا عطاء الرحمان کی سربراہی میں آنے والے ایک نمائندہ وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں مولانا شیخ ادریس کی شہادت اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی بھی موجود تھے۔ وفد نے آئی جی خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ مولانا شیخ ادریس کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
آئی جی پولیس نے اس موقع پر مولانا شیخ ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وفد سے تعزیت کی اور یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے وفد کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے چند ہی منٹوں میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں، جہاں سے اسلحہ کے خول، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
صوبائی پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ اس کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ٹھوس بنیادوں پر تفتیش جاری ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علمائے دین قوم کا فخر ہیں اور ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس حملے میں مولانا شیخ ادریس کی سکیورٹی پر مامور خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکار بھی نشانہ بنے تھے۔





