آسٹریلیا میں پاکستانی پرچم سربلند ،پاکستانی کیڈٹ نے آسٹریلیا میں ’بہترین غیر ملکی فوجی کیڈٹ‘ کا اعزاز حاصل کر لیا

آسٹریلیا میں پاکستانی پرچم سربلند ،پاکستانی کیڈٹ نے آسٹریلیا میں ’بہترین غیر ملکی فوجی کیڈٹ‘ کا اعزاز حاصل کر لیا

پاکستانی فوج کے کیڈٹ سردار ارسام عباس نے آسٹریلیا کے رائل ملٹری کالج کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران “اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ” کا اعزاز حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر دیا۔

یہ اعزاز 5 مئی 2026 کو ہونے والی پروقار تقریب میں دیا گیا، جہاں کیڈٹ ارسام عباس کی نمایاں پیشہ ورانہ کارکردگی اور اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اعزاز اُن غیر ملکی کیڈٹس کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھائیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کیڈٹ سردار ارسام عباس (PMA 152 لانگ کورس) کی یہ کامیابی پاکستان آرمی کے جونیئر لیڈرشپ کے اعلیٰ معیار، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کی نگرانی آسٹریلین آرمی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمون اسٹیورٹ نے کی، جبکہ تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں، پاکستان ہائی کمیشن کینبرا کے حکام، فارغ التحصیل کیڈٹس کے اہلِ خانہ اور آسٹریلین ڈیفنس فورس کے افسران نے شرکت کی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دفاعی تعلقات طویل عرصے سے قائم ہیں۔ 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس معتبر ادارے سے تربیت حاصل کر چکے ہیں، جبکہ 2013 سے 7 پاکستانی افسران یہاں بطور پلاٹون کمانڈر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ 14 واں موقع ہے کہ کسی پاکستانی کیڈٹ نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ ان میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سیلہرِیا شہید (تمغۂ بسالت) بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2020 میں شمالی وزیرستان میں وطن پر قربان ہو کر عظیم مثال قائم کی۔ ان کا نام آج بھی رائل ملٹری کالج کے پریڈ گراؤنڈ میں یادگاری طور پر درج ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف پاکستان آرمی بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے، جو عالمی سطح پر پاکستانی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین تربیت کی عکاسی کرتی ہے۔

Scroll to Top