پاکستان کی موجودہ کامیابیاں سول و ملٹری ہم آہنگی کا نتیجہ ہیں، عون چودھری

لندن : وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل عون چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سول اور ملٹری قیادت کے درمیان ہم آہنگی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث ملک کی عالمی سطح پر عزت میں اضافہ ہوا ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اسی باہمی افہام و تفہیم اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔

ان کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شراکت داری ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گی، اور آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں سامنے آئیں گی۔

عون چودھری نے کہا کہ حکومت ایسی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے جن کا مقصد ایک مثالی اور مضبوط پاکستان کی تشکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثالثی اور سفارتی کوششوں کے ذریعے پاکستان نے دنیا کو ایک پرامن ملک ہونے کا واضح پیغام دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کے تحفظ کے لیے پاکستان ہر حد تک جانے کو تیار ہے، یہ ہمارا واضح مؤقف ہے، اسحاق ڈار

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے امن کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے، جس کا کریڈٹ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے۔ ان کے مطابق امید ہے کہ پاکستان کی یہ کوششیں خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوں گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف تمام اوورسیز پاکستانیوں کے بھی وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جولائی میں لندن میں ایک روڈ شو منعقد کیا جائے گا، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولیات سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور حکومت کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان مواقع سے بہتر طور پر جوڑنا ہے۔

Scroll to Top