پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی۔
پاکستان اس اہم سیریز میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا، جبکہ سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کے دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچز 2 اور 4 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ تینوں میچز شام 4 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے، جبکہ ٹاس شام 4 بجے کیا جائے گا۔
یہ سیریز مارچ اور اپریل 2022 کے بعد آسٹریلیا کی پاکستان میں پہلی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز ہوگی۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم رواں سال جنوری میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سلسلے میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھی پاکستان میں میچز کھیلے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔





