ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخی، دشمن کو عبرتناک شکست دی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار ہمیشہ تاریخی رہا ہے، جبکہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں پاک فضائیہ نے سری نگر سے بھٹنڈا تک دشمن کو بھرپور جواب دے کر سبق سکھایا۔
ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو معرکۂ حق میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، تاہم پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا، جبکہ دشمن کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ’’سائبر شاہینوں‘‘نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کو تباہ کر دیا، جبکہ بھارتی فضائیہ کو عبرتناک اور تذلیل آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئر چیف کے مطابق پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی مضبوط محافظ ہے اور اس نے دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں کو بھی خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔





