سرمایہ کار پھنس گئے،ایرانی ریال کی قیمتوں میں تیزی سے کمی

کاشف الدین سید

ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل کمی کے باعث پشاور سمیت مختلف علاقوں میں اس کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو شدید مالی نقصان کا سامنا  ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ عرصے میں جب خطے میں کشیدگی اور جنگی صورتحال بڑھی تو اس دوران ایرانی ریال میں سرمایہ کاری میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

ابتدائی طور پر ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت تقریباً 12 ہزار پاکستانی روپیے تک بتائی جارہی تھی تاہم اب صورتحال میکسر تبدیل ہو چکی ہے۔

موجودہ صورتحال میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت کم ہو کر تقریباً 5 ہزار پاکستانی روپے رہ گئی ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔

پشاور میں کرنسی ڈیلرز کے مطابق ایرانی ریال کی خرید و فروخت میں بھی واضح کمی آ چکی ہے جبکہ غیر قانونی کرنسی کا روبار کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد اس اچانک کمی سے متاثر ہوئی ہے اور مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پائی جارہی ہے۔

Scroll to Top