بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نئی قسط کی مالی امداد کی ادائیگیوں کا مرحلہ وار آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے سہ ماہی وظیفہ 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 19 ہزار 500 روپے کر دیا گیا ہے۔
اس نئے مرحلے میں باقاعدہ ادائیگیوں کے ساتھ بچوں کے تعلیمی وظائف بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ غریب طبقے کی مالی معاونت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ادائیگیوں کا یہ عمل 18 مئی 2026 سے شروع ہو رہا ہے جس میں ان خواتین کو بھی سہولت دی گئی ہے جن کے والیٹ اکاؤنٹس 15 مئی تک بلاک تھے یا جنہوں نے ابھی تک اپنے اکاؤنٹس تبدیل نہیں کروائے، وہ اپنے ضلع کے کسی بھی مجاز کیمپ یا ایجنٹ سے رقم وصول کر سکتی ہیں۔
پروگرام کے تحت اہلیت اور رقم کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے حکام نے 8171 ویب پورٹل اور ایس ایم ایس سروس کو مزید فعال کر دیا ہے۔ مستحق افراد اپنے موبائل کے میسج باکس میں بغیر ڈیش کے اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8171 پر بھیج سکتے ہیں یا ویب پورٹل پر جا کر اپنی تفصیلات چیک کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ 8171 ہی پروگرام کا واحد سرکاری نمبر ہے اور شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغامات یا کالز پر یقین نہ کریں اور نہ ہی رقم کی وصولی کے دوران کسی ایجنٹ کو کوئی اضافی کٹوتی یا فیس ادا کریں۔
بی آئی ایس پی حکام نے تمام مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادائیگی کے مراکز پر جاتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ لازمی ساتھ رکھیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت کی جانب سے رقم میں اس اضافے کا مقصد غریب خاندانوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا اور انہیں بروقت مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
تمام اضلاع میں قائم ادائیگی مراکز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مستحقین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی کٹوتی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





