وزیراعظم شہبازشریف اور قطری وزیراعظم کے درمیان رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف اور قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے عوام امیر قطر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں کیونکہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

بات چیت کے دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ قطر مشرقِ وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں اور حمایت جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی تمام اہم امور پر قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ مشترکہ مقاصد کا حصول ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top