چارسدہ میں ’غیرت‘ کے نام پر دہرا قتل، چچا نے بھتیجی اور نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نام نہاد غیرت کے نام پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے اپنی بھتیجی اور ایک نوجوان کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ تھانہ پڑانگ کی حدود میں واقع علاقے میاں کلی میں پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کو شک تھا کہ اس کی بھتیجی کے گاؤں کے ایک نوجوان کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔ اسی شک کی بنیاد پر ملزم نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں لڑکی اور نوجوان دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کارروائی اور ایف آئی آرواقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ:۔
واقعے کی دو الگ الگ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں۔
ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقتولین کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ضلعی پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزم کو جلد ہی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ علاقے میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔





