فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان دشمنی کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، قوم ملوث کرداروں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان دشمنی کی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا، جس میں ملوث کرداروں کو سبز ہلالی پرچم سے محبت کرنے والے کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
اپنے خصوصی پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں، افواجِ پاکستان کی تنصیبات اور قومی اداروں پر حملے دراصل ریاست کے وقار اور سلامتی پر حملے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کی آڑ میں پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے سازشی کرداروں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق کارروائی وقت کی اہم ضرورت، ملک کے وقار کا تقاضا اور انصاف کی بالادستی کے لیے ناگزیر ہے، اور یہ عمل جاری رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اقدار اور ریاستی استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے باوجود پارٹی کارکنوں نے ریاستی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا، جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد صدر آصف علی زرداری نے “پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اپنی ریاست اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق بنیان المرصوص” میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں سے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع، استحکام اور سالمیت کے لیے پوری قوم متحد اور یکجان ہے۔





