پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے۔
اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ (اچانک سیلاب) کا بھی خطرہ موجود ہے، جبکہ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی وجہ سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انتظامیہ نے صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کے خطرے کے پیش نظر کسانوں کو بھی حفاظتی اقدامات کی تاکید کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائیں، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے کے لیے مشینری تیار رکھیں اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور عوام کو سیلابی پانی و ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دی جا سکتی ہے۔





