راولپنڈی: معرکہ حق کی کامیابی کے پہلے سال کے پُرمسرت اور تاریخی موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے پوری قوم اور افواجِ پاکستان کے تمام افسران و جوانوں کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی یکجہتی، احترام اور تشکر کے ساتھ منایا جانے والا یہ اہم دن پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور اتحاد کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے۔
مسلح افواج ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم سے لازوال رشتے کو جذبہ خدمت کے ساتھ فخر سے نبھا رہی ہیں۔ معرکہ حق قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ہے، جو قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق معرکہ حق کی کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی اُجاگر کیا ہے، جو مؤثر دفاعی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ اس معرکے کے دوران پاکستان کے پُرعزم اور مؤثر ردِعمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ کے جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اٹھانا پڑی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود، مسلح افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی ڈومینز میں اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ معرکہ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے مکمل سپیکٹرم ڈیٹرنس کو تقویت دی ہے۔ یہ کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، جس نے عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق کی کامیابی کا پہلا سال اس امر کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہے۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون و انصاف کے اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کو یقینی بناتے ہوئے تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مستعد اور پوری طرح تیار ہیں۔





