اسلام آباد: معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف نے قوم اور مسلح افواج کو مبارک باد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جانے والا یہ دن پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور اتحاد کی علامت ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور قوم کے ساتھ اپنے لازوال رشتے کو جذبہ خدمت کے تحت فخر کے ساتھ نبھا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ معرکہ حق قومی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل بن چکا ہے، جو قومی عزم، عسکری مہارت اور مضبوط حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مستحکم کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی نمایاں کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ معرکہ حق کی کامیابی نے پاکستان کی مؤثر دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جبکہ پاکستان کے بروقت ردعمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ بیانیے اور پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، جس کے باعث دشمن کو عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پراکسی دہشت گردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ خطرات کے باوجود مسلح افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی شعبوں میں اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کی کامیابیوں کا جشن بھارت کو ہضم نہ ہوا، پاکستان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی
بیان میں کہا گیا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی تیاریوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن صرف بامعنی مذاکرات، بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔
بیان کے اختتام میں کہا گیا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں جبکہ معرکہ حق کی کامیابی نے عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے بدستور پُرعزم ہے۔





