معرکہ حق کی کامیابیوں کا جشن بھارت کو ہضم نہ ہوا، پاکستان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی

بنوں میں واقع فتح خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کی جانب سے بڑے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو پولیس اسٹیشن سے ٹکرانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا تاکہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی جا سکے، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے باعث گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھاجس کے باعث دھماکے کی شدت قریبی رہائشی آبادی تک محسوس کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق قریبی گھروں اور شہری آبادی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سویلین متاثر ہونے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔

دوسری جانب کالعدم دہشت گرد تنظیم “اتحاد المجاہدین پاکستان” نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر باقاعدہ پریس ریلیز جاری کر دی ہے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب پورے پاکستان میں معرکۂ حق کی کامیابیوں اور 9 و 10 مئی 2025 کی دفاعی فتح کا جشن منایا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی دفاعی برتری اور خطے میں اس کی مضبوط عسکری صلاحیتوں نے دشمن قوتوں کو پریشان کر رکھا ہے، جس کے بعد ملک میں بدامنی پھیلانے کی نئی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

پاکستان پہلے بھی مختلف بین الاقوامی فورمز اوراقوام متحدہ میں یہ مؤقف پیش کر چکا ہے کہ ملک میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے بیرونی سرپرستی موجود ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کو بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی جانب سے مالی معاونت اور سہولت کاری فراہم کی جاتی ہے جبکہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔

Scroll to Top