افواج پاکستان کے مربوط ردعمل نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات کا دن ہے اور یہ موقع اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا اور وطن کے دفاع میں غیر معمولی جرات و استقامت کا مظاہرہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم اُس عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کو یاد کر رہی ہے جس کا اظہار مشکل وقت میں کیا گیا، جبکہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد رہی۔

یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل، مسلح افواج کے سربراہان کی قوم اور افواج کو مبارک باد

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء، ان کے اہل خانہ اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاکستانی جوان فولادی دیوار بن کر دشمن کے سامنے ڈٹ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر مربوط اور مؤثر ردعمل دیا، جبکہ افواج کے منظم اقدامات نے پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔

Scroll to Top