آبنائے ہرمز کشیدگی: حکومت عوام کو پیٹرولیم ریلیف دے، گورنر خیبرپختونخوا کا مطالبہ

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے، جس کے پیش نظر حکومت کو چاہیے کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی لا کر عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرے۔

پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سی این جی کی بندش کے باوجود مقامی سطح پر پیدا ہونے والی گیس عوام کو فراہم نہیں کی جا رہی جو کہ تشویشناک صورتحال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے پنجاب سے گندم کی نقل و حمل پر پابندی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے عوام اور کاروباری حلقوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے ضم شدہ اضلاع میں ٹیکسوں کے نفاذ کے معاملے پر صوبائی حکومت کے کردار پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ اگر حکومت عوام کے حقوق کا دفاع نہیں کر سکتی تو یہ ذمہ داری کسی اور کو دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : قوم سیسہ پلائی دیوار، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا، آئی جی اسلام آباد

گورنر خیبرپختونخوا نے 9 مئی کے مقدمات کے فوری ٹرائل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی چیف ایگزیکٹو معرکہ حق کی تقریب میں شریک ہوتے تو اس سے ایک مثبت پیغام جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے خطے میں اہم سفارتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایران اور امریکا جیسے ممالک کو ایک میز پر لانے میں کردار ادا کیا، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا وسائل سے مالا مال صوبہ ہے تاہم ان وسائل کو مؤثر انداز میں عالمی سطح پر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبائی حکومت کو پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

Scroll to Top