بنوں چوکی فتح خیل واقعہ: ڈی آئی جی سجاد خان فرنٹ لائن پر موجود، آپریشن کے بعد زخمیوں کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچ گئے

بنوں: چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بنوں میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہوگئی، جبکہ پولیس کی جانب سے علاقے میں بھرپور سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق حملے کے فوراً بعد ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور آپریشن کی براہِ راست قیادت سنبھال لی۔ وہ مکمل طور پر جائے وقوعہ پر موجود رہے اور سکیورٹی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔

پولیس حکام کے مطابق بنوں پولیس کے جوانوں نے دہشت گردوں کا بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بھرپور مقابلہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جوانوں کی شہادت کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں، تاہم حتمی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

واقعے کے بعد مزید پولیس نفری فوری طور پر علاقے میں پہنچا دی گئی اور چوکی و اطراف کے علاقوں کو مکمل گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن اور کلیئرنس کارروائی بدستور جاری ہے۔

بعد ازاں ڈی آئی جی بنوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں: پولیس اسٹیشن فتح خیل پر حملہ ناکام، دو اہلکار شہید،دو زخمی

اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے کہا کہ بنوں پولیس ماضی میں بھی دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا چکی ہے اور آئندہ بھی کسی صورت دشمن کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

ان کے مطابق ہر قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ذمہ دار عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں کے مطابق علاقے میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور سکیورٹی فورسز مکمل الرٹ ہیں۔

Scroll to Top