پاکستان کے امن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، مریم نواز

لاہور / واہگہ: معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر واہگہ بارڈر پر شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رینجرز کے چاق و چوبند دستوں نے بھرپور پریڈ کی۔ اس موقع پر خواتین اہلکاروں نے بھی پریڈ میں حصہ لے کر تقریب کو مزید نمایاں بنایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ملک کی امن و سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں قوم اور بہادر افواج نے دشمن کو ایسی عبرتناک شکست دی کہ وہ ہاتھ ملتا رہ گیا۔

مریم نواز نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی ماؤں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : شدید بارش بھی جذبۂ حب الوطنی کو نہ روک سکی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بنیان المرصوص تقریب میں شرکت

وزیراعلیٰ پنجاب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل نے دشمن کو مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قیادت اور سرحدوں پر تعینات جوانوں نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے اور پاکستان نے نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

مریم نواز کے مطابق دنیا بھر میں پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے اور تاریخ میں یہ لکھا جائے گا کہ پاکستان نے خطے میں بڑے خطرات کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

Scroll to Top