بابراعظم نے فٹنس مسائل پر قابو پانے کے بعد دوبارہ پریکٹس شروع کر دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابراعظم نے فٹنس مسائل سے نجات کے بعد دوبارہ پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈھاکہ میں جاری پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے دوران بابراعظم نے نیٹ سیشن میں بیٹنگ پریکٹس کی اور دوڑ بھی لگائی، جس سے ان کی فٹنس میں بہتری کے آثار ظاہر ہوئے ہیں۔

بابراعظم گھٹنے کی تکلیف کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سلہٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بابراعظم بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث ڈھاکا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکے۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم کا میڈیکل پینل ان کی انجری کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے اور فٹنس سے متعلق مزید اپ ڈیٹس مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : بنگلادیش ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا، بابر اعظم کے باعث ٹیم میں بے چینی بڑھ گئی

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 مئی تک ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مئی تک سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق بنگلہ دیش اس وقت آٹھویں جبکہ پاکستان پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

پاکستان اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت نجم الحسن شانتو کر رہے ہیں۔

Scroll to Top