پشاور: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے تمام اضلاع، جن میں ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں، میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ اس اقدام کے تحت مختلف علاقوں میں آمدورفت اور مختلف اقسام کی گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود رہے گی۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا اور اعظم ورسک میں لوڈر رکشوں، سنگل اور ڈبل کیبن کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر اور ڈمپرز کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہ پابندی یکم اکتوبر رات 9 بجے سے 10 اکتوبر رات 9 بجے تک برقرار رہے گی۔
اسی طرح جنوبی وزیرستان اپر میں بھی لوڈر رکشوں، کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر، ٹریکٹر ٹرالی اور ڈمپرز کی نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے، جو 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ، کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل، گڑھ عبداللہ اور متعدد لنک روڈز پر آمدورفت محدود کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی 4 سے 6 اکتوبر تک صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گی، جبکہ پوٹہ ہتھالہ بازار بھی بند رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت سے مذاکرات پرپی ٹی آئی میں اندرونی بغاوت
ضلع ٹانک میں بھی مختلف روٹس پر افراد، مسافر و کارگو گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ پابندی 3 اکتوبر رات 9 بجے سے 5 اکتوبر دوپہر 12 بجے تک نافذ رہے گی۔
تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں، ہنگامی خدمات اور سکیورٹی فورسز کی اجازت سے ہونے والی ہنگامی نقل و حرکت کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 3 ستمبر کو بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کی صورتحال کے باعث دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، جس کے تحت متعدد سڑکوں پر آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔





