پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمدسہیل آفریدی نے 120 گاڑیوں کے ایک بڑے قافلے اور بھاری پروٹوکول کے ساتھ آج بنوں کا دورہ کیا ۔
وزیراعلیٰ کے اس دورے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے پی ٹی آئی کے منشور پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ہمیشہ سے وی آئی پی کلچر اور پروٹوکول کے خاتمے کا دعویٰ کرتی رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر شہریوں کی بڑی تعداد وزیراعلیٰ کے اس بھاری بھرکم پروٹوکول پر تنقید کرتے ہوئے اسے “وی آئی پی کلچر کا بدترین مظاہرہ” قرار دے رہی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک طرف سادگی کے دعوے کیے جاتے ہیں اور دوسری طرف درجنوں گاڑیوں کا ایندھن سرکاری خزانے پر بوجھ بن رہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت ماضی میں روایتی سیاستدانوں کے پروٹوکول کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے تاہم بنوں کے اس حالیہ دورے نے ایک بار پھر حکومتی ترجیحات اور سادگی کی مہم کے حوالے سے نئے تنازع کو جنم دے دیا ہے۔





