پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی سرحدی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے قریب ایک بہادر شہری نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے مقامی آبادی اور حساس چیک پوسٹ کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ خودکش حملہ آور نے روکنے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیاجس کے نتیجے میں شہری لیاقت موقع پر شہید ہو گیا۔
ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی اور پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم لیاقت نے کھیتوں کے راستے بڑھنے والے ایک مشتبہ شخص کو روکا اور اس کی شناخت پوچھی۔ دہشت گرد نے پکڑے جانے کے ڈر سے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیاجس سے وہ خود بھی جہنم واصل ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق خارجی دہشت گرد کا اصل ہدف بین الصوبائی سرحد پر واقع حساس چیک پوسٹ تھی جہاں بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار اور شہری موجود ہوتے ہیں۔ شہید لیاقت کی بروقت کارروائی اور بہادری نے دہشت گرد کو اس کے اصل ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا اور ایک بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔
یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عوام اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ شہید لیاقت نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ثابت کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
مقامی آبادی اور سوشل میڈیا پر شہید لیاقت کی قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ قوم اپنے اس بہادر بیٹے کو ہمیشہ یاد رکھے گی جس نے اپنی زندگی کی پروا نہ کرتے ہوئے سینکڑوں گھروں کے چراغ گل ہونے سے بچا لیے





