وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اٹک کی تحصیل جنڈ کے نواحی علاقے میں خودکش بمبار کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے جان قربان کرنے والے شہری لیاقت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہید لیاقت کی بہادری اور عظیم قربانی کو قوم کے لیے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بہادر افراد ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں شہید لیاقت کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید لیاقت نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر انسانیت اور امن کے تحفظ کے لیے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : جنڈ کے رہائشی لیاقت شہید نے خودکش حملہ آور کو روک کر دہشت گردوں کا ناپاک منصوبہ خاک میں ملا دیا
وزیراعلیٰ نے خوشحال گڑھ چیک پوسٹ پر بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کرنے والی اٹک پولیس ٹیم کو بھی شاباش دی اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور صوبے میں امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔





