عوام کو ریلیف کے لیے پالیسی اقدامات تیز کیے جائیں، صدر کی وزیراعظم کو ہدایت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، افغانستان سے متعلق امور اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی شریک تھے۔

ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے معرکہ حق کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے قومی دفاع کے عزم کو دہرایا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ جغرافیائی و علاقائی چیلنجز، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مہنگائی کے دباؤ میں کمی، اشیائے ضروریہ کی بروقت اور مناسب قیمتوں پر دستیابی اور عام شہری کو ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔

Scroll to Top