محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر اہم مشاورت

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی کشیدگی، قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کی کارروائی اور حکومتی طرزِ عمل پر مشاورت کی۔

اس موقع پر پارلیمان کو عوامی مسائل کے حل اور جمہوری استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت آئین کو بگاڑا جا رہا ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ درست نہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ عوام کے ووٹوں سے ایوان میں آئے ہیں جبکہ ملک کی اکثریت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کو ریلیف کے لیے پالیسی اقدامات تیز کیے جائیں، صدر کی وزیراعظم کو ہدایت

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج ناگزیر ہوتا جا رہا ہے، ایوان میں مہنگائی، خارجہ پالیسی اور دہشت گردی جیسے اہم معاملات پر بحث ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندیاں برقرار رہیں تو پارلیمنٹ کی کارروائی متاثر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی درجہ حرارت کم کیا گیا تو تعاون ممکن ہے، بصورت دیگر شدید احتجاج ہوگا۔

Scroll to Top