اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر خوشحال گڑھ چیک پوسٹ کے قریب خودکش حملہ ناکام بنانے کے دوران جان قربان کرنے والے شہری لیاقت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم لیاقت نے غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری لیاقت نے اپنی قربانی سے متعدد قیمتی جانیں محفوظ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید لیاقت قوم کا ہیرو ہے اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ایسے بہادر شہری پاکستان کا فخر ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اپنے بیان میں جنڈ کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والے شہری لیاقت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا خودکش بمبار کو روکنے والے بہادر لیاقت کو خراجِ تحسین، پولیس ٹیم کو بھی شاباش
انہوں نے کہا کہ لیاقت نے جان پر کھیل کر خودکش بمبار کو روکنے کی جرات مندانہ مثال قائم کی، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعلیٰ نے شہید لیاقت کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے خوشحال گڑھ چیک پوسٹ پر بروقت کارروائی کرنے والی اٹک پولیس ٹیم کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے تحفظ اور صوبے کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔





