خیبرپختونخوا میں اراضی معاوضہ ادائیگی کا نیا نظام نافذ، طریقہ کار جاری

پشاور: خیبرپختونخوا میں اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کے لیے نیا طریقہ کار جاری کر دیا گیا ہے۔ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے لینڈ ایکوزیشن کمپنسیشن کے لیے باضابطہ طریقہ کار واضح کرتے ہوئے نئی ایس او پیز جاری کر دی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اراضی کے معاوضے کی ادائیگیاں اب ٹرانسفر انٹری کے ذریعے کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے کی جائیں گی۔ اس نظام کے تحت رقم پہلے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی اور بعد ازاں وہاں سے متعلقہ اراضی مالکان کو ادائیگی کی جائے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ادائیگیاں صرف منظور شدہ بلز اور ووچرز کی تصدیق کے بعد ہی جاری کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ادائیگی سے قبل تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : برطانوی وزیراعظم پر دباؤ میں اضافہ، اہم وزراء نے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا

شفافیت اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے تمام ادائیگیاں ایم پی جی سسٹم کے تحت کی جائیں گی۔ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے متعلقہ حکام کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران ٹرانزیکشنز کی بروقت منظوری اور مکمل ریکارڈنگ کو یقینی بنائیں گے جبکہ خزانہ عملہ تمام ریکارڈ مکمل ہونے کے بعد ادائیگی جاری کرے گا۔

Scroll to Top