بنوں کے علاقے فتح خیل میں دہشتگردی کی ایک بڑی واردات کے دوران نامعلوم افراد نے ریڑہ پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں کا بنوں شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تباہ ہونے والا یہ رابطہ پل نورڑ، غوڑہ بکاخیل، جانی خیل اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام کے لیے آمدورفت کا اہم ذریعہ تھا۔ پل کی تباہی کے بعد شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
آر پی او بنوں نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خوش قسمتی سے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملبہ ہٹانے اور راستہ بحال کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دو روز قبل اسی رابطہ پل پر قائم پولیس چوکی فتح خیل کو خودکش کار بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے باعث چوکی تباہ ہو گئی تھی۔ سیکیورٹی چوکی کے خاتمے کے بعد دہشتگردوں کے لیے پل کو نشانہ بنانا نسبتاً آسان ہو گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں





