وفاقی حکومت نے ملک بھر کے 17 لاکھ پنشنرز کی سہولت کے لیے جدیدڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق نادرا کے تیار کردہ اس نظام کے تحت اب پنشنرز کو اپنی موجودگی ثابت کرنے کے لیے بینکوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ بائیو میٹرک اور چہرہ شناسی (Facial Recognition) کے ذریعے ان کے زندہ ہونے کی تصدیق کی جائے گی۔
اس ضمن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ فوری طور پر نادرا کے سسٹم سے منسلک ہو جائیں۔ نئے نظام کے تحت پنشنرز کو ایک مخصوص موبائل ایپ کی سہولت دی جائے گی جس کے ذریعے وہ اپنے فنگر پرنٹ یا چہرے کی شناخت اپ ڈیٹ کر سکیں گے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے نادرا کی ای سہولت ایپ کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آفس کی خصوصی ہدایات پر تیار کردہ اس نظام کا مقصد پنشن کی ادائیگی سے قبل نادرا ریکارڈ کے ذریعے اہلیت کی فوری جانچ پڑتال کرنا ہے۔
بینک حسبِ معمول پنشن کی ادائیگی جاری رکھیں گے تاہم تصدیق کا پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا جائے گا تاکہ بزرگ شہریوں کو دشواری سے بچایا جا سکے۔





