خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں کے لیے شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں کے لیے شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بالائی علاقوں کے لیے شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران برفانی جھیلیں پھٹنے (گلاف) اور فلیش فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور گلاف کے خطرے کے پیشِ نظر آج سے 16 مئی تک خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو شدید جانی و مالی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں سمیت دیگر کمزور تنصیبات سے دور رہیں۔ سیاحوں کو خاص طور پر تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور ڈھلوانوں کے قریب کیمپنگ ہرگز نہ کریں۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

Scroll to Top