لاہور: محکمہ داخلہ حکومت پنجاب کے تحت پروجیکٹ میڈیا تھنک ٹینک فارم ریزیلینس اینڈ کاؤنٹر نیریٹو انیشیٹو میں مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت ماہر، پرجوش اور متحرک امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
اعلان کے مطابق ان آسامیوں پر منتخب ہونے والے امیدواروں کو پرکشش تنخواہیں بھی دی جائیں گی۔ دستیاب اسامیوں میں ویڈیو ایڈیٹر/اینیمیٹر، گرافک ڈیزائنر، سوشل میڈیا آپٹیمائزیشن ایکسپرٹ، ڈیجیٹل میڈیا مانیٹرنگ اسسٹنٹ اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ اسسٹنٹ شامل ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق امیدواروں کو آن لائن درخواست دینا لازمی ہوگا، جس کے لیے پنجاب جاب پورٹل پر اپلائی کیا جا سکتا ہے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام درخواستیں صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے ہی قبول کی جائیں گی، تاہم آن لائن درخواست کے بعد امیدواروں کو اپنی دستاویزات بذریعہ رجسٹرڈ کورئیر بھی ارسال کرنا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : گھریلو صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑی کمی
درکار دستاویزات میں آن لائن درخواست کی پرنٹ کاپی، سی وی، شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کی تصدیق شدہ نقول، تعلیمی اسناد، تجربہ سرٹیفکیٹس، اور حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر شامل ہیں۔
دستاویزات بھجوانے کا پتہ سیکشن آفیسر (جنرل)، محکمہ داخلہ پنجاب، پنجاب سول سیکرٹریٹ لوئر مال لاہور دیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے فون نمبر 042-99211654 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھرتیاں ڈیجیٹل میڈیا اور کمیونیکیشن کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے کی جا رہی ہیں، جنہیں حکام ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔





