آسٹریلیا میں روزگار اور مستقل رہائش کا موقع، پاکستانی ہنرمندوں کیلئے اہم اعلان

اسلام آباد: بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ہنرمند پاکستانی شہریوں کیلئے آسٹریلیا میں روزگار اور مستقل رہائش کے مواقع سے متعلق اہم اعلان جاری کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے ایمپلائر نومینیشن اسکیم (ENS) ویزا سب کلاس 186 کے تحت ایسے پیشہ ور افراد کو مستقل رہائش اور ملازمت کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے جنہیں کسی آسٹریلوی آجر کی جانب سے نامزد کیا گیا ہو۔ اس پروگرام کو ہنرمند تارکین وطن کیلئے مستقل سکونت کا ایک اہم راستہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ویزہ کے حصول کیلئے بنیادی شرط یہ ہے کہ امیدوار کا پیشہ آسٹریلیا کی نامزد فہرست میں شامل ہو، جبکہ متعلقہ مہارت، تسلیم شدہ آجر کی نامزدگی اور صحت و کردار کے اعلیٰ معیار پر پورا اترنا بھی لازمی ہے۔

حکام کے مطابق اس اسکیم میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے، خاص طور پر وہ امیدوار جو منظور شدہ اسپانسرز کے ذریعے درخواست دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نوکری کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری، سرکاری آسامیوں کا اعلان

بیورو آف ایمیگریشن کے مطابق یہ پروگرام ہر سال ہزاروں ہنرمند افراد کو ان کی قابلیت اور تجربے کی بنیاد پر آسٹریلیا میں مستقل رہائش کا موقع فراہم کرتا ہے، جس سے بیرون ملک روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید معلومات کیلئے شہری آسٹریلوی وزارتِ داخلہ کی سرکاری ویب سائٹ سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ تفصیلات بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور درخواست جمع کرانے سے قبل تمام شرائط کو اچھی طرح سمجھ لیں۔

Scroll to Top