بنوں: پولیس کا جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کے تحفظ کیلئے دن رات مشن جاری

بنوں: ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایت پر ضلع بنوں میں رات گئے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے، جبکہ شہر بھر میں اہم مقامات پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کر کے مشکوک افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ شروع کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی توحید خان اور ڈی ایس پی سٹی مفید خان کی نگرانی میں بنوں سٹی کے مختلف داخلی و خارجی راستوں، مرکزی شاہراہوں اور اہم چیک پوائنٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

پولیس اہلکاروں نے اس دوران مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جبکہ شناختی تصدیق کا عمل بھی سخت نگرانی میں جاری رکھا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات کے اوقات میں گشت کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنا دیا ہے۔

حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے دوران مکمل پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی کا مظاہرہ کیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : انقرہ یونیورسٹی میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی و ثقافتی رشتوں پر شاندار پروقار تقریب

ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا ہے کہ بنوں پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر وقت الرٹ اور متحرک ہے۔

ان کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔

Scroll to Top