پاکستان کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں لازوال ہیں ، وفاقی وزیر عطا تارڑ

پاکستان کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں لازوال ہیں ، وفاقی وزیر عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ’’معرکۂ حق‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جو قوم کی تاریخ کا اہم باب ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر متعدد بار بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے، جبکہ خطے میں دہشت گردی کے واقعات کو غلط انداز میں پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

انہوں نے پہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی غیر جانبدار تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزامات عائد کرنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی اور یکسوئی موجود ہے، جو ریاست کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے ’’معرکۂ حق‘‘کے دوران میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستانی صحافیوں اور نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ذمہ دارانہ انداز میں قومی مؤقف کو اجاگر کیا۔

Scroll to Top