پاکستان سائنسی و خلائی میدان میں ایک ایسا تاریخی سنگِ میل عبور کرنے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے جو ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
ملک کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ کے تاریخی سفر کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ان کی خلا میں روانگی میں محض چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔
اس یادگار اور فخر سے بھرپور لمحے پر اسلام آباد میں قائم چینی سفارتخانے نے ایک خصوصی تہنیتی پیغام جاری کرتے ہوئے محمد ذیشان علی کی خلائی مشن کے لیے تیاریوں کو پاک چین لازوال دوستی کی ایک نئی اور تابندہ مثال قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں چینی سفارتخانے نے پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر قدم رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
سفارتخانے کی جانب سے تربیتی مراحل کا ایک دلچسپ پہلو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ محمد ذیشان علی کے لیے اس کٹھن مشن کی تیاری میں سب سے بڑا امتحان سخت جسمانی مشقیں یا سینٹری فیوج مشین نہیں بلکہ چینی زبان پر عبور حاصل کرنا تھا۔
روزمرہ کی بات چیت سے لے کر پیچیدہ اور پیشہ ورانہ ایرو اسپیس کمانڈز تک چینی زبان سیکھنے کا یہ سفر دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور مضبوط روابط کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ:بائیک رائیڈرز کے لیے نیا ضابطہ کار تیار !
بیان میں مزید کہا گیا کہ شینژو 24مشن کی تیاریوں کے دوران محمد ذیشان علی کی محنت اور لگن نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاک چین دوستی واقعی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے۔
چینی سفارتخانے کے مطابق دونوں ممالک کی یہ تاریخی شراکت داری اب زمینی سرحدوں سے آگے بڑھ کر خلا کی وسعتوں تک جا پہنچی ہے، جو مشترکہ سائنسی تعاون اور روشن مستقبل کی ایک نئی علامت ہے۔





