ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل سیت پور میں ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر صرف بیٹیاں پیدا ہونے اور دوسری شادی کی راہ میں رکاوٹ بننے پر ایک سفاک شخص نے اپنی دو کمسن بیٹیوں کی جان لے لی جبکہ بیوی کو شدید زخمی کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس لرزہ خیز واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیت پور کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش اور مقدمے کے متن کے مطابق ملزم کو اس بات پر رنج تھا کہ اس کے ہاں صرف بیٹیاں پیدا ہو رہی تھیں اسی بنا پر اس نے طیش میں آکر اپنی دو معصوم بیٹیوں کو قتل اور اہلیہ پر قاتلانہ حملہ کیا۔
زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کی گئی خاتون نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کے ہاں پانچ بیٹیوں کی پیدائش کے بعد شوہر دوسری شادی کرنے کا خواہشمند تھا۔
خاتون کے مطابق جھگڑے کے دوران شوہر نے اس کے سر پر کسی بھاری چیز سے وار کیا جس کے باعث وہ بے ہوش ہوکر گر پڑی۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، ایک ہی روز میں 15 خوارج ہلاک اور 10 زخمی
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گزشتہ روز اپنی دو بیٹیوں کو قتل کرنے اور بیوی کو زخمی کرنے کے بعد مبینہ طور پر خود کو بھی زخمی کرلیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کے تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔





