کاشف عزیز
گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک پروقار اور باوقار تقریب کے دوران، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی 33 مایہ ناز شخصیات کو پاکستان کے اعلیٰ سول اعزازات سے نوازا۔
ان اعزازات میں ستارہ امتیاز، صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی، تمغہ شجاعت اور تمغہ امتیاز شامل تھے جو خدماتِ عامہ، دفاع، کھیل، صحافت اور ادب و فنون میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افراد کو عطا کیے گئے۔
تقریب کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے مجموعی طور پر 8 شخصیات کو ستارہ امتیاز، 2 کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، 11 کو تمغہ شجاعت اور 12 شخصیات کو تمغہ امتیاز پیش کیا۔
خدماتِ عامہ کے شعبے میں ارشد مجید، ایس ایس پی عطاء الرحمن، شہاب الدین خان، محمد اسرار اور سید سلمان رحمان کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ کھیلوں میں کرکٹر ثناء میر، صحافت میں ضیاء الحق سرحدی اور عوامی خدمات پر شہید ریحان زیب کو بعد از شہادت ستارہ امتیاز عطا کیا گیا۔ اسی طرح جمشید علی خان کو فنون و ہدایت کاری اور امین اللہ داودزئی کو ادب و شاعری میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا گیا۔
بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں عمر طفیل، کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت، سعید منان، ملک گوہر علی، سپاہی باسط اللہ، سپاہی سمیع اللہ شاہ، سپاہی صابر علی، سپاہی صاحب دین، ڈی ایس پی پیر سید خان اور اے ایس آئی صالح محمد کو تمغہ شجاعت سے سرفراز کیا گیا، جبکہ نواب عادل خان کو بھی اسی زمرے میں ایوارڈ دیا گیا۔
تعلیم کے شعبے میں طارق محمود جدون، سکواش میں محمد حمزہ خان، مذہبی خدمات میں مولانا محمد طیب قریشی، اور صحافت میں سید ثمر عباس اور مونا عالم کو تمغہ امتیاز دیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر محمد عاکف خان، محمد ظہور اعوان، محمد ہلال، نائک سفید خان، عبدالرحیم، عابد اللہ اور محمد علی سواتی کو خدماتِ عامہ میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
تقریب میں کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری محمد ریاض نذیر گاڑہ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، مختلف محکموں کے سربراہان اور اعزازات حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وصول کنندگان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔





