حج 2026: اب تک کتنے عازمین پہنچے اور آخری پرواز کب روانہ ہوگی؟

اسلام آباد: سرکاری حج سکیم کے تحت پاکستانی عازمینِ حج کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت اب تک 78 ہزار 929 عازمین کو خیریت کے ساتھ حجازِ مقدس پہنچا دیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین میں سے 66 فیصد سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ مزید 39 ہزار 905 عازمین کی روانگی باقی ہے۔

حج آپریشن کے لیے مجموعی طور پر 468 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں، جن میں پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئرلائنز حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک 313 حج پروازیں کامیابی کے ساتھ روانہ کی جا چکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اب تک جدہ کے لیے 282 جبکہ مدینہ منورہ کے لیے 186 پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔ 34 روزہ حج فلائٹ آپریشن کے اختتام میں 8 روز باقی رہ گئے ہیں، جبکہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : فی حاجی قربانی پر کتنا خرچ آئے گا؟ تفصیلات جاری

سعودی عرب میں موجود عازمین کے مطابق اس وقت 73 ہزار 759 پاکستانی مکہ مکرمہ میں موجود ہیں، جبکہ مدینہ منورہ سے زیارات مکمل کرنے کے بعد 34 ہزار 200 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے حج انتظامات کے لیے 1402 معاونینِ حج بھی سعودی عرب میں تعینات کیے گئے ہیں تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق مدینہ منورہ میں اب تک 32 ہزار 626 پاکستانی عازمین ریاض الجنہ کی زیارت سے بھی فیض یاب ہو چکے ہیں۔

Scroll to Top