اسلام آباد: رواں سال حج کے موقع پر پاکستانی عازمینِ حج کی جانب سے قربانی کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے مطابق مجموعی طور پر اربوں روپے خرچ کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی عازمین حج اس سال قربانی پر مجموعی طور پر تقریباً 9 ارب 54 کروڑ 83 لاکھ روپے خرچ کریں گے، جو سعودی ریال میں 12 کروڑ 9 لاکھ 31 ہزار بنتے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج ادا کریں گے، اور ہر عازم کم از کم ایک جانور کی قربانی دے گا۔
فی کس قربانی کے اخراجات 720 سعودی ریال مقرر کیے گئے ہیں، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 53 ہزار روپے بنتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا چین تعلقات میں اہم پیش رفت، ٹرمپ کا بیان سامنے آگیا
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن کی قربانی پر مجموعی اخراجات 6 ارب 34 کروڑ 19 لاکھ 72 ہزار روپے ہوں گے۔
اسی طرح پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 60 ہزار عازمین حج ادا کریں گے، جن کی قربانی کے اخراجات کا مجموعی حجم 3 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے بتایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق قربانی کے انتظامات اور اخراجات حج پالیسی کے مطابق پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں۔





