ایران امن چاہتا ہے لیکن دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، عباس عراقچی

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، تاہم ملک اپنے دفاع کے لیے ہر سطح پر تیار ہے جبکہ سفارت کاری کے تحفظ اور فروغ کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی قوم امن پسند ہے اور جنگ نہیں چاہتی، لیکن اگر وطن کے دفاع کی ضرورت پیش آئی تو ایران بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عباس عراقچی نے برکس ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ہونے والی مبینہ غیر قانونی جارحیت کی کھل کر مذمت کریں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان آسٹریلیا ون ڈے سیریز کے ٹکٹ کب ملیں گے؟ تفصیلات جاری

انہوں نے کہا کہ ایران کے نقطہ نظر سے آبنائے ہرمز تمام تجارتی جہازوں کے لیے کھلی ہے، تاہم وہاں سے گزرنے والے جہازوں کو ایرانی بحری افواج کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا تاکہ خطے میں بحری سلامتی اور نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کشیدگی میں اضافے کے بجائے سفارتی راستے کو ترجیح دیتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

Scroll to Top