آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بحالی سے متعلق اہم رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں مضبوط پالیسی اقدامات کے تسلسل نے نہ صرف معاشی بحالی کو سہارا دیا بلکہ معیشت کو بیرونی جھٹکوں کے مقابلے میں زیادہ مضبوط بنایا ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت تیسرے جائزے اور لچک و پائیداری سہولت (RSF) کے دوسرے جائزے کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں ملکی معیشت سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (GDP) کی شرح نمو میں بہتری دیکھی گئی، جبکہ مہنگائی قابو میں رہی۔

اس کے علاوہ کرنٹ اکاؤنٹ مجموعی طور پر متوازن رہا اور زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی بھی سابق اندازوں سے بہتر رہی۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ حکومت کے مسلسل پالیسی اقدامات نے معیشت کی بحالی کے عمل کو تقویت دی اور بیرونی معاشی دباؤ کے مقابلے میں مزاحمت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امن چاہتا ہے لیکن دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، عباس عراقچی

تاہم رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات پاکستان کے قلیل مدتی معاشی منظرنامے کو غیر یقینی بنا رہے ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق یہ خدشہ موجود ہے کہ خطے کی صورتحال مہنگائی پر دباؤ بڑھا سکتی ہے اور اقتصادی نمو سمیت ادائیگیوں کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اگرچہ جنگ کے مجموعی اثرات محدود رہنے کی توقع ہے، تاہم معیشت کو درپیش منفی خطرات اب بھی کافی زیادہ ہیں۔

Scroll to Top