محمد اعجاز آفریدی
محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے اندر مبینہ طور پر بڑی مالی و انتظامی بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد محکمے کے متعدد افسران اور اہلکاروں کو عہدوں سے معطل کر دیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق معطل ہونے والے ملازمین میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر بنوں اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر بنوں شامل ہیں جنہیں 120 دنوں کے لیے معطل کیا گیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر بونیر کو بھی معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
حاصل کردہ دستاویزات کے مطابق ان معطل ملازمین پر مبینہ طور پر سرکاری گندم غائب کرنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ملازمین کوٹے کے مطابق گندم کا باقاعدہ اجرا کرنے اور محکمے کا منظم ریکارڈ برقرار رکھنے میں بھی بری طرح ناکام رہے۔
محکمہ خوراک کی جانب سے اس پورے معاملے کی شفاف اور تفصیلی انکوائری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو مبینہ بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔





