عمران خان سے ملاقات کا معاملہ، حکومت نے اپوزیشن تجویز مسترد کردی

اسلام آباد :  حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔

حکومتی ارکان کے مطابق اس نوعیت کی کمیٹی بنانے کی قانونی اور آئینی گنجائش موجود نہیں۔

سینیٹ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ جیل ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن کو قواعد پر اعتراض ہے تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کو جیل میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

قومی اسمبلی میں وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کوئی ایسا سیاسی مسئلہ نہیں جس پر ایوان سے یقین دہانی لی جائے۔

یہ بھی پڑھیں  : پشاور: نشتر ہال میں تین روزہ ’’ہنر میلہ‘‘ کا آغاز، قدیم روایات کو اجاگر کرنے کا عزم

 ان کے مطابق حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قیدیوں کی صحت اور سہولیات کا خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کوئی مسئلہ پیش آیا تو حکومت نے فوری اقدامات کیے، اور میڈیکل ایمرجنسی کسی وقت بھی پیش آسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے مطالبے پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں احتجاج کیا تھا جبکہ قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی بنانے کی تجویز دی تھی۔

Scroll to Top