KP Tourism Department

پشاور: نشتر ہال میں تین روزہ ’’ہنر میلہ‘‘ کا آغاز، قدیم روایات کو اجاگر کرنے کا عزم

شیراز احمد شیزاری

پشاور میں خیبرپختونخوا کی ثقافت، روایتی ہنر اور دستکاری کو اجاگر کرنے کے لیے تین روزہ ’’ہنر میلہ‘‘ نشتر ہال میں جاری ہے، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہنرمند اپنے فن اور مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔

محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کے مطابق میلے کا مقصد مقامی ہنر کو فروغ دینا اور روایتی دستکاری کو ایک پلیٹ فارم پر متعارف کرانا ہے۔

 ترجمان ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق میلے میں دستکاری اشیاء، روایتی ملبوسات اور کھانے پینے کے متعدد سٹالز لگائے گئے ہیں، جو شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

میلے میں فیملیز اور بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جن میں پلے ایریا، میجک شو اور کوئز مقابلے شامل ہیں، تاکہ تفریح کے ساتھ ساتھ آگاہی اور شرکت کا ماحول بھی فراہم کیا جا سکے۔

فیسٹیول کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل ٹورازم اتھارٹی شاہد خان نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں مختلف ثقافتی سرگرمیاں بھی پیش کی گئیں جن میں مزاحیہ خاکے، کوکنگ مقابلے اور روایتی کھانوں کے اسٹالز شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی تاریخ رقم، فاطمہ ثنا کا عالمی ریکارڈ

ترجمان کے مطابق فیسٹیول میں چاروں صوبوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کے لیے خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا، جو مختلف ثقافتوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تین روزہ ہنر میلے میں خواتین اور فیملیز کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے جبکہ داخلہ مکمل طور پر مفت رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ثقافتی سرگرمی سے فائدہ اٹھا سکیں۔

Scroll to Top