گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ اتحاد اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا ہے کہ بنیانِ مرصوص، اتحاد، نظم و ضبط اور قومی قوت کی علامت ہے جبکہ استحکامِ پاکستان صرف عسکری نہیں بلکہ سیاسی اور معاشی استحکام سے بھی جڑا ہوا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ ’’بنیان مرصوص‘‘ اور استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت اور تقسیم کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم قومی بیانیے کو مضبوط بنا کر ان سازشوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ٹیکنالوجی کے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں، شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی پاکستان قائم و دائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ خودکش حملے میں ملوث دوسرا دہشتگرد افغان شہری نکلا
فیصل کریم کنڈی نے سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی اور قومی ہم آہنگی کو ملکی ترقی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ نفرت کے بجائے محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر شہید مولانا محمد ادریس کے نام کو سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کرنے کا بھی اعلان کیا،مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔





